سراجی کا حساب
از
مفتی محمد فاروق حسن زئی
اگر سراجی پڑھانے سے قبل طالب علم کو یہ حساب پڑھایا جائے یا طالب علم از خود اس کا مطالعہ کرلے تو ان شاء اللہ تعالیٰ سراجی سمجھنے میں کوئی دقت نہ ہوگی۔ طلبہ درجہ سادسہ متخصصین اور مفتیان کرام سب کے لیے یکساں مفید ہے
تعارف کتاب:
علم فرائض کی اہمیت و فضیلت اور علوم شرعیہ میں اس کے نصف علم ہونے کا شرف و مقام اور امت کو اس کے تعلیم وتعلم کا بطور خاص حکم اور ابتلاء عام وغیرہ سب ایسے امور ہیں کہ انکے متعلق اہل علم کے سامنے کچھ کہنا سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے۔ یہاں میں صرف اس چھوٹی سی کتاب اور حقیر کاوش کا مقصد بیان کرنا چاہتا ہوں وہ یہ کہ سراجی علم فرائض کی ایک اہم اور متداول کتاب ہے، جو عرصہ دراز سے ہمارے درس نظامی میں شامل نصاب ہے اور ہمارے مدارس اور جامعات میں علم فرائض کا انحصار اس کتاب پر ہے جو درجہ سادسہ کے علاوہ تخصص میں بھی طلبہ کو دوبارہ پڑھائی جاتی ہے۔ اس کتاب میں علم میراث سے متعلق حساب کے ٹھوس قواعد اور ترکہ تقسیم کرنے کے طریقے بیان کیے گئے ہیں۔