Tips for a researcher working on a thesis, work Schedule and Rules تھیسس پر کام کرنے والے تحقیق کار کو نصیحتیں، کام کا شیڈول اور قواعد و ضوابط

Tips for a researcher working on a thesis, work Schedule and Rules

انتہائی مفید مشورے 

تھیسس پر کام کرنے والے تحقیق کار کو نصیحتیں، کام کا شیڈول اور قواعد و ضوابط

(خورشید احمد سعیدی، اسلام آباد، 20 ستمبر 2024ء)

Thesis work schedule and motivation 

ایم ایس سطح کے تھیسس پر کام شروع کرنے والے مبتدی تحقیق کار کو ذیل میں بیان کردہ نصائح بہت فائدہ دے سکتی ہیں۔


1. خاکۂ تحقیق میں مذکور مباحث اور ان کے عناوین کے متعلق دستیاب کتابوں، لکھے گئے تھیسس،  مجلات، تحقیقی مقالات اور مضامین کو جمع کریں۔

 

2. انہیں الگ الگ فولڈروں میں رکھیں، ان کی الگ الگ فہارس بنائیں۔ ان فہارس میں کتابوں اور آرٹیکلز کو ان کی تاریخ اشاعت کے لحاظ سے ترتیب دیں اور اسی ترتیب سے مطالعہ کریں۔


3. عالمانہ، بحوالہ، مستند اور قابلِ اعتماد مواد کو ہی استعمال میں لائیں۔


4. تھیسس کے مختلف ابواب وفصول کے متعلق روزانہ اوسظا چالیس پچاس صفحے پوری توجہ سے پڑھیں۔


5. موضوع کے متعلق غیر مُسلم مصنفین اور محققین کی تحریروں کے مطالعے کے ساتھ اپنے مُسلم علماء اور محققین کی تحقیقات سے ضرور استفادہ کریں۔


6. مطالعہ کے دوران فہم متن میں جو مشکلات پیش آئیں ان کی بھی فہرستیں بناتے جائیں۔ مناسب وقت پر ان کے حل کے لیے مستند ڈکشنریوں، دائرہ ہائے معارف، انسائیکلوپیڈیاز یا اپنے اساتذہ سے رجوع کیا کریں۔ 

7. وُسعت مطالعہ کے لیے پڑھنے کے دوران دیکھیں کہ مصنف یا مقالہ نگار نے کن مصادر و مراجع سے استفادہ کیا ہے۔ ان مصادر و مراجع میں سے جو پہلے سے آپ کے پاس نہ ہوں انہیں حاصل کرنے کی کوشش کریں۔


8. موضوع کی کسی نہ کسی فصل یا مبحث کے متعلق مطالعہ کی بنیاد پر روزانہ کچھ نہ کچھ لکھیں۔


9. جو بھی لکھیں درست حوالہ کے ساتھ لکھیں۔


10. اپنی تحریر کی ہر فائل کے نام میں اس کی تاریخ تحریر ضرور لکھیں۔


11. جو بھی لکھیں اس پر اُسی دن یا اگلے دن کسی وقت نظر ثانی کریں۔ پروف ، حقائق ، معلومات یا فکر کی اغلاط ہرگز نہ رہنے دیں۔


12. شام کر جلدی اور صبح  تہجد کے وقت اٹھ جانے کی عادت اور مزاج بنائیں۔ مصلے کے ساتھ تعلق مضبوط بنائیں۔


13. لکھی گئی ہر فائل کو لازماً کسی اور ہارڈ ڈسک یا یو ایس بی میں بیک اَپ کے طور پر محفوظ کریں۔


14. یہ تہیہ کریں کہ فیکلٹی بورڈ سے منظوری کے بعد اپنے ایم ایس تھیسس کو چھ ماہ کے اندر مکمل کرنا ہے۔


15. ان چھ ماہ کے پیش نظر ایک شیڈول بنائیں کہ روزانہ، ہر ہفتے اور ہر مہینے کتنا کام مکمل کرنا  اور سپروائزر کو دکھانا ہے۔


16. صبر اور استقامت کا پہاڑ بن جانا ہے کیونکہ ریسرچ کا کام آسان نہیں ہوتا۔


17. کھانے پینے میں احتیاط اور صحت کا خاص  خیال رکھنا ہے۔


18. اپنے تحقیقی کام کے دوران اپنی تمام غیر ضروری مصروفیات ترک کر دیں۔


19. اپنے تحقیقی کام کے دوران ایسے تمام لوگوں سے روابط انتہائی محدود کر دیں جن کی باتوں یا سرگرمیوں سے آپ کی توجہ اپنے تحقیقی کام سے ہٹ جانے یا تاخیر کا شکار ہو جانے کا اندیشہ ہو۔


20۔ کسی کے ساتھ بے فائدہ جھگڑے، گالم گلوچ، تنازعات، چپقلش وغیرہ سے مکمل اجتناب کریں.


21. اپنے تحقیقی کام کے دوران اللہ تعالیٰ، قرآن مجید اور اپنے سپروائزر سے مسلسل رابطہ رکھیں۔ جہاں کہیں کوئی دِقت، مشکل یا مصیبت پیش آ جائے انہیں سے رابطہ کریں، رہنمائی طلب کریں اور اپنی تحقیق کے سفر کو سُست نہ ہونے دیں۔


22. لیپ ٹاپ، ایم ایس ورڈ یا انٹرنیٹ سے استفادہ کے دوران جو مشکل پیش آئے اس کے حل کے لیے اپنے نگران مقالہ یا متعلقہ ماہرین سے رجوع کیا کریں۔

23. جب کبھی مزاج میں چُستی اور ہمت کم ہوتی محسوس ہو تو اپنے سپروائزر کی صحبت، مسجد کی خدمت، حاجت مندوں کی معاونت یا لائبریریوں کی سیر کیا کریں۔


24. سرقہ بازی سے مکمل اجتناب کریں۔ دیانت داری بہترین حکمت علمی ہے۔


25. آڑٹیفیشل انٹیلیجنس کے استعمال سے آپ کی شخصیت کی علمی، فکری اور اجتہادی تعمیر نہیں ہو سکتی۔


خورشید احمد سعیدی صاحب کی فیس بک سے

اللہ تعالی مجھے بھی عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین 

Comments