سلسلہ عالیہ رحیمیہ رائے پور کے
تمام متوسلین اور متعلقین کے لیے
حضرت اقدس مولانا مفتی شاہ عبدالخالق آزاد رائے پوری
دامت برکاتہم العالیہ
کا اہم پیغام
حکومت کی جانب سے ملک بھر کو لاک ڈاون کرنے کے بعد کی صورتِ حال میں لوگ گھروں میں بند ہو کر رہ گئے ہیں۔ ان حالات میں خانقاہِ عالیہ رحیمیہ رائے پور سے تعلق رکھنے والے احباب اپنے اوقات کو لایعنی اور لغو کاموں میں ضائع نہ کریں۔ تنہائی کے ان اوقات کو قیمتی بنائیں۔ احباب کو چاہیے کہ وہ اپنے نفس کو جذباتی ماحول سے نکالنے، قلب کو صبر و استقامت کے ساتھ مضبوط بنانے اور عقل و شعور کو بلند کرنے کے لیے ولی اللّٰہی رائے پوری مشائخ کے بتلائے ہوئے درجِ ذیل معمولات کی اہتمام کے ساتھ پوری پابندی کریں:
توبہ کے کلمات کو پورے فہم و بصیرت اور عقل و شعور کے ساتھ روزانہ دل میں دہرائیں۔ کفر، شرک، بدعت، غیبت، زنا، چوری، بہتان تراشی وغیرہ بداعمالیوں پر مبنی ماحول اور نظام سے برا ء ت کا اعلان کرتے ہوئے اللّٰہ کی طرف متوجہ رہنے کا اہتمام کریں۔
باوضو رہیں اور پورے خشوع و خضوع اور ”اخبات الیٰ اللّٰہ“ کے ساتھ نماز کی پابندی کریں۔ اگر مسجد میں جماعت کی شرکت ممکن نہ ہو تو گھروں میں اپنے گھر والوں کو شریک کرکے جماعت کر لیں۔ یاد رہے کہ جماعت میں خواتین الگ صف میں پیچھے کھڑی ہوں گی۔
قرآن حکیم کی تلاوت بڑے اہتمام کے ساتھ روزانہ کریں۔ تلاوت کے وقت دل میں یہ دھیان رہے کہ یہ اللّٰہ عظمت والے کا کلام ہے، جو میری زبان سے ادا ہو رہا ہے۔ اس کے ذریعے سے اللّٰہ کے انوارات و تجلیات میرے وجود میں سرایت کر رہے ہیں۔ اسی کے ساتھ اگر قرآن حکیم کے معانی اور مفاہیم پر ولی اللّٰہی مشائخ کے تفسیری نکات کی روشنی میں غور و تدبر کیا جائے تو سونے پر سہاگہ ہے۔
روزانہ مغرب کی نماز کے بعد اہتمام کے ساتھ استغفار کی کم از کم ایک تسبیح (سو مرتبہ) کریں۔ زیادہ کا شوق ہو تو اس میں اضافہ بھی کرسکتے ہیں۔ اپنے آپ کو گناہ گار بندہ سمجھتے ہوئے اپنے گناہوں پر ندامت اور توبہ کے جذبے سے استغفار پڑھیں۔
عشاءکی نماز کے بعد پورے اہتمام، ذوق و شوق اور محبت کے ساتھ حضور اقدس صلّی اللّٰہ علیہ وسلّم پر درود شریف کی ایک تسبیح (سو مرتبہ) پڑھیں۔ اس میں بھی اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ نماز والا درود یعنی درودِ ابراہیمی کا اہتمام کریں۔ اس سے حضور صلّی اللّٰہ علیہ وسلّم کی محبت دل میں پیدا ہوگی اور آپ کی محبت اللہ کے قرب کا ذریعہ بنتی ہے۔
فجر کی نماز کے بعد تیسرے کلمے کی تسبیح (سو مرتبہ) پڑھیں۔ سُبْحَانَ اللہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَآ اِلٰہَ الَّا اللہُ وَاللہُ اَکْبَرُؕ وَلَا حَوْلَ وَلَاقُوَّۃَ اِلَّا بِاللہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ ؕ اس سے اللہ کی عظمت اور کبریائی دل میں پیدا ہوتی ہے اور آخرت میں جنت میں باغات لگ جاتے ہیں۔
ذکرُ اللّٰہ کا اہتمام کریں۔ نفی اثبات یعنی لَآ اِلٰہَ الَّا اللہُ کی طاق (یعنی ایک، تین یا پانچ) تسبیحات کریں۔ پھر اسمِ ذات (اللّٰہ ) کی اسی طرح اتنی تسبیحات کریں کہ سب کا مجموعہ طاق ہوجائے۔ ذکر کرتے ہوئے ذہن میں اس کے معنٰی کا پورا لحاظ رکھیں۔ یعنی اللّٰہ کے علاوہ ہر چیز کی نفی اور اللّٰہ کی طاقت او رقدرت کا پورا اعتراف پیش نظر رکھیں۔ اللّٰہ سے ہی ڈریں اور کسی چیز کا خوف دل میں نہ رکھیں۔
انسانی اجتماعیت کے بنیادی تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھیں۔ آج کل لاک ڈاون کی وجہ سے مزدور اور بے روزگار لوگ روٹی روزی سے مزید محروم ہوگئے ہیں۔ اپنے گرد و پیش میں موجود ایسے غریب اور محتاج لوگوں کی مدد کریں۔ اس کا لحاظ رکھیں کہ کوئی پڑوسی بھوکا نہ رہے۔
انسانیت پر مسلط ہو جانے والی اس مصیبت سے نجات کے لیے اللّٰہ سے خوب دل لگا کر دعا مانگیں۔ اس حوالے سے معاشرے میں خوف کی فضا پیدا کرنے سے بچیں۔ جھوٹا پروپیگنڈا اور افواہیں پھیلانے کا ذریعہ نہ بنیں۔ انسان دشمن طبقات خوف کی فضا پیدا کرکے اپنے سرمایہ پرستانہ مفادات اور مقاصد حاصل کرتے ہیں۔ دینِ اسلام نے سوسائٹی میں خوف پھیلانے سے منع کیا ہے۔
عالمی سطح پر شیطانی اور طاغوتی قوتوں اور سامراجی طاقتوں کے انسان دشمن کردار کو عقل و شعور سے سمجھنے کی کوشش جاری رکھیں۔
اس کے لیے ضروری ہے کہ اس خطے کے حریت پسند علمائے حق حضرت مجدد الف ثانیؒ، امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ سے لے کر حضرت شیخ الہند مولانا محمودحسنؒ اور اُن کے جانشین حضرات او رحضرت اقدس مولانا شاہ عبدالرحیم رائے پوریؒ اور اُن کے جانشین مشائخ رائے پور کے ملفوظات، خطبات اور کتابوں کا پورے اہتمام سے مطالعہ کریں۔ اور ان حضرات کے نظریے کی روشنی میں موجود حالات کا تجزیاتی نقطہ نظر سے جائزہ لیں، تاکہ قومی آزادی کی حفاظت کی سوچ اور دینی حوالے سے عقل و شعور اور فہم و بصیرت میں اضافہ ہوتا رہے۔
اس کے لیے ضروری ہے کہ اس خطے کے حریت پسند علمائے حق حضرت مجدد الف ثانیؒ، امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ سے لے کر حضرت شیخ الہند مولانا محمودحسنؒ اور اُن کے جانشین حضرات او رحضرت اقدس مولانا شاہ عبدالرحیم رائے پوریؒ اور اُن کے جانشین مشائخ رائے پور کے ملفوظات، خطبات اور کتابوں کا پورے اہتمام سے مطالعہ کریں۔ اور ان حضرات کے نظریے کی روشنی میں موجود حالات کا تجزیاتی نقطہ نظر سے جائزہ لیں، تاکہ قومی آزادی کی حفاظت کی سوچ اور دینی حوالے سے عقل و شعور اور فہم و بصیرت میں اضافہ ہوتا رہے۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو انبیا علیہم السلام، صحابہ کرامؓ اور مشائخِ عظامؒ کی اتباع میں دینِ اسلام کے غلبے کے لیے قبول فرمائے اور اُن کے بتلائے ہوئے معمولات کی پابندی کرنے کی
توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا ربّ العالمین
توفیق عطا فرمائے۔ آمین یا ربّ العالمین
یکم شعبان المعظم 1441ھ
26th March,2020
Comments